جعلی اکائونٹس کیس ، میرے ہاتھ کا کھانا شوہر کو پسند ہے ، اہلیہ ملزم آپ زہرملا دیں تو بات نیب پر آ جائے گی، عدالت، درخواست مسترد

Mar 19, 2019

اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں عدالت نے گرفتار ملزم نجم الزمان کی اہلیہ کی طرف سے شوہر کوگھر کا پکا ہوا کھانا دینے کی استدعا مسترد کردی،جج محمد بشیر نے ملزم کی اہلیہ سے کہا کہ آپ زہر ملا کر دے دیں تو کون ذمہ دار ہوگا؟، رسک نہیں لیا جا سکتا۔ملزم نجم الزمان نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کے دوران گھر کے کھانے کی اجازت مانگ لی اور استدعا کی کہ مجھے گھر کے کھانے کی اجازت دی جائے، میری اہلیہ مجھے کھانا بھجوا دیا کرے گی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ کھانا نیب ہی فراہم کرے گا، گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دے سکتے، میں ملاقات کی اجازت تو دے سکتا ہوں، مگر کھانے کی اجازت نہیں دے سکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پتہ نہیں آپ کو کیا کھلا دیں اور بات نیب پر آ جائے، آپ کے گھر والے یہاں موجود ہیں، ان سے ملاقات کر لیں۔اس موقع پر گرفتار ملزم نجم الزمان کی اہلیہ نے بھی عدالت سے شوہر کو کھانا دینے کی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کردی۔ملزم کی اہلیہ نے استدعا کی کہ میں اپنے خاوند کو کھانا دینا چاہتی ہوں، اجازت دی جائے۔جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ زہر ملا کر دے دیں تو کون ذمہ دار ہوگا؟ملزم کی اہلیہ نے کہا کہ اللہ معاف کرے میں زہر کیوں دوں گی؟جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ تو زہر نہیں دیں گی مگر رسک نہیں لیا جا سکتا۔ملزم کی اہلیہ نے کہا کہ میرے خاوند کو میرے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا بہت پسند ہے۔جج محمد بشیر نے کہا کہ نیب والے خود کھانا بناتے ہیں جو بہت اچھا ہوتا ہے، نیب والے خود بھی وہی کھانا کھاتے ہیں اور ملزم کا بڑا خیال رکھتے ہیں، بعد میں کئی ملزم کہتے ہیں کہ انہیں نیب کے پاس رہنے دیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک دفعہ ملزم نے بیٹے سے ایک کروڑ کے واجبات ادائیگی کا کہا، باپ نے بیٹے سے کہا کہ ایک کروڑ کی ادائیگی سے مجھے رہائی مل سکتی ہے، جس پر بیٹے نے یہ کہہ کر رقم دینے سے انکار کر دیا کہ ابا جی آپ کی زندگی ہی کتنی رہ گئی ہے۔

مزیدخبریں