اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے فیصلہ کیا ہے ارکان اسمبلی کی تنخواہ ، مراعات کا بل واپس بھیجیں گے۔ ہفتہ اتوار کی چھٹی ہوتی ہے اس لئے مریم نواز کو نوازشریف سے نہیں ملنے دیا گیا۔ نوازشریف کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ نوازشریف کو علاج کی تمام سہولیات میسر ہیں مگر وہ علاج نہیں کرانا چاہتے، لندن جانا چاہتے ہیں، نوازشریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ان پر 3 سو ارب روپے کا الزام ہے وہ ہمارے قوم یا نیب کے مجرم ہیں۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کے ورثا اپنے پیاروں کی میتوں کی حوالگی کا انتظار کر رہے ہیں، جنگی جنون میں مبتلا لیڈرشپ کا ابھرنا دینا کو غیر محفوظ بنارہا ہے، اس پاگل پن سے نمٹنے کے لیے تہذیبوں میں مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔فواد چودھری سے بیلاروس نیوز ایجنسی بیلٹا کی ڈائریکٹر جنرل اور سفیر نے ملاقات کی۔ چودھری فواد نے کہا کہ اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے قوموں کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔ ادھر ترجمان وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے پر ناگواری کا اظہار بہت پہلے کر چکے ہیں اور گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کی وزیر اعظم سے ملاقات کسی اور ضمن میں تھی ۔ نا گواری کا اظہار عمران خان کا حق بنتا ہے کیونکہ وہ ہمارے لیڈر ہیں اور اس کے ساتھ ہمیں جس منشور پر ووٹ ملا ہے اس میں سب سے پہلے یہ وعدہ ہے کہ غریب کے لئے سوچا جائے گا ۔ جیسے جیسے ہماری معاشی صورتحال بہتر ہو گی ان طبقات کے بارے میں سوچا جائے گا ۔ تنخواہوں او رمرعات میں اضافے کے بل کے حوالے سے کہا کہ لاء ڈیپارٹمنٹ اس کا جائزہ لے گا کہ اس بل کی کیا قانونی حیثیت ہے ۔ اگر گورنر پنجاب اس بل کو منظور بھی کر دیںتو اس میں سابقہ وزیر اعلیٰ کیلئے رہائشگاہ اور اس طرح کی دیگر مراعات کی کوئی شق شامل نہیں ،یہ ایک تجویز تھی جسے ختم کر دیا گیا۔