پنجاب کی جیلوں میں سکیورٹی کی بہتری کیلئے جیمرز کی تنصیب جاری

لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب کی مختلف جیلوں میں سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے سمیت متعدد اقدامات جاری ہیں۔ ایک جانب کروڑوں روپے کی لاگت سے جیمرز کی تنصیب کا عمل جاری ہے جبکہ دوسری جانب کروڑوں روپے کا جدید اسلحہ اور سکیورٹی مشینیں بھی خرید لی گئی ہیں۔ سیکورٹی آلات اسلحہ کی خریداری کیلئے مزید کروڑوں روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جیلوں میں جیمرز کی تنصیب کیلئے نیشنل ریڈیو اینڈ کمیونیکیشن کارپوریشن سے معاہدہ بھی کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر ایسی جیلوں میں جیمرز کی تنصب یقینی بنائی جا رہی ہیں جس میں خطرناک دہشتگرد موجود ہیں اور مجموعی طور پر 90 کے قریب مزید جیمرز کی تنصیب ہو رہی ہے۔ پنجاب کی جیلوں میں موبائل فون کی روک تھام میں ناکامی پر جیلوں میں جیمرز کی جلد از جلد تنصیب اور بہترین ورکنگ کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جیلوں میں سرچ آپریشنوں کے دوران ہزاروں موبائل برآمد کئے گئے اور موبائل فون کی موجودگی کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ جیلوں میں پی سی اوز کے قیام کے ذریعے بھی موبائل فون روکنے کی کوششیں کی گئی جو بے سود رہی۔ جیلوں میں موبائل فون کی روک تھام موبائل جیمرز کی تنصیب کیلئے محکمہ جیل خانہ جات نے سکیورٹی اداروں کی معاونت لی۔ جن جیلوں میں جیمرز کی تنصیب کا کام جاری ہے ان میں راولپنڈی لاہور، فیصل آباد میانوالی، ساہیوال ملتان، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کی سنٹرل جیل جبکہ فیصل آباد لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور قصور کی ڈسٹرکٹ شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن