اسد عمر کے استعفیٰ، عافیہ صدیقی کو دختر پاکستان کا خطاب دینے سمیت 3 قرارداد یں پنجاب اسمبلی میں جمع

Mar 19, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ آن لائن) پنجاب اسمبلی میں اسد عمر کے فوری استعفیٰ اور عافیہ صدیقی کو دختر پاکستان کا خطاب دینے کی قراردادیں پیش کی گئیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے فوری استعفیٰ کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ نے بجلی اور پٹرول کے بعد گیس کی قیتموں میں بھی اضافہ کر دیا ہے اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کے لئے چھوڑ دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ نے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ کو دختر پاکستان کا خطاب دینے کے لئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی جو امریکہ میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہی ہیں کو دختر پاکستان کا خطاب دیا جائے۔مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ نے مریم نواز کے نام سے منسوب امریکی ناظم الامور کو مبینہ طور پر لکھے گئے خط کو جعلی قرار دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خط کو مریم نواز کے نام سے لکھا انتہائی شرمناک ہے۔

مزیدخبریں