منڈیاں بند کرنے کا جعلی سرکلر وائرل، دونوں ملزم چند گھنٹوں میں گرفتار

Mar 19, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) سوشل میڈیا پراکبری منڈی سمیت چھوٹی منڈیاں بند کرنے کا جعلی نوٹس وائرل ہوا۔ اکبری گیٹ پولیس نے منڈیاں بند کرنے کا جعلی سرکلر جاری کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ سوشل میڈیا پر ایس ایچ او اکبری گیٹ کی طرف سے اکبری منڈی سمیت چھوٹی منڈیاں 5 اپریل تک بند کرنے کا جعلی سرکلر آرڈر جاری کیا گیا جس سے تاجروں میں تشویش کی لہر دوڈ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ایس ایچ او اکبری گیٹ خرم شہزاد نے چند گھنٹوں میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جعلی سرکلر جاری کرنے والے ملزمان نبیل اور مختار احمد کو گرفتا ر کر لیا۔ ملزم نبیل نے موبائل ایپ کے ذریعے جعلی سرکلر تیار کیا جسے ملزم مختار احمد نے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ نبیل باغبانپورہ جبکہ مختار احمد سمن آباد کا رہائشی ہے۔ ملزمان کے مطابق انہوں نے شرارت کی تھی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ پولیس سے منسوب غلہ سبزی و پھل منڈیاں بند کرنے کے حوالے سے جعلی سرکلر کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ایسے عناصر کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔

مزیدخبریں