سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور سیالکوٹ موٹروے کو ٹرانسپورٹ کیلئے فنکشنل کر دیا گیا۔ مسافروں کیلئے سیالکوٹ سے لاہور کا سفر آسان ہو گیا۔ تحصیل ڈسکہ میں راجو کے انٹرچینج، دھیدووالی اور وڈالہ سندھواں انٹرچینج بنائے گئے ہیں۔ ان تینوں انٹرچینجز سے تحصیل ڈسکہ کے 247 دیہاتوں کے رہائشی مستفید ہوں گے۔ اس موقع پر تاجر برادری نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ موٹروے تیار ہونے سے قبل لاہور سیالکوٹ کا سفر تین گھنٹے میں طے ہوتا تھا اب یہی سفر پچاس منٹ میں طے ہوگا۔ محمود بوٹی (رنگ روڈ) سے سمبڑیال انٹر چینج تک 91.47 کلو میٹر لمبی موٹر وے پر 43 ارب 84 کروڑ 7 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ اس موٹر وے پر کالا شاہ کاکو، مریدکے، نارووال، گوجرانوالہ، ڈسکہ، پسرور اور سمبڑیال پر انٹرچینج تعمیر کئے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور سے سیالکوٹ تک کیلئے موٹر وے کا ٹول 160روپے ہیں۔ واضح رہے کہ اس موٹروے کا افتتاح پہلے وزیر اعظم عمران خان نے کرنا تھا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 18مارچ کو کرنا تھا لیکن کرونا وائس کی وجہ سے افتتاحی تقریب کو کینسل کر دیا گیا تھا۔
سیالکوٹ لاہور موٹروے ٹریفک کیلئے کھول دی گئی، سفر کا دورانیہ 50 منٹ ہوگا
Mar 19, 2020