اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری نے کہا ہے کرونا وائرس سے طلباء کا متوقع تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے اقدامات کر لیے گئے ہیں، ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر موجود آن لائن کورسز کا ڈیٹا بیس تیار کیا ہے اور جامعات کو فراہم کر دیا گیا ہے، تاہم جامعات کے اساتذہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے کہ ورچوئل کورسز تیار کریں اور طلباء تک ان کورسز کی رسائی ممکن بنائیں۔ بدھ کوان خیالات کا اظہار چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن، طارق بنوری نے کرونا وائرس کے بعد کی صورتحال کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام سرکاری جامعات کے طلباء کو حکومتی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے تین ہفتوں کی تعطیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔ گرمیوں کی چھٹیاں ان چھٹیوں کے ساتھ ایڈجسٹ کر لی جائیں گی۔ صورتحال کشیدہ رہتی ہے تو آن لائن لیکچرز دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔