اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوی ایشن ڈویژن میں پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے ایران کی جانب سے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کے روشن مستقبل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان طبی تبادلے کی تجویز بھی پیش کی۔ ایرانی سفیر نے پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ایران کے پاس اعلی معیار کے طبی سازوسامان اور صحت کے کارکن ہیں جو وبائی بیماری پر قابو پانے کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ ملاقات کے موقع پر دونوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔