اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کورونا اور معیشت کے بڑھتے خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا اور معیشت کے خطرے کے لئے جامع، فوری، مسلسل اور موثر انتظامات واقدامات درکار ہیں۔ قیمتی وقت تیزی سے ضائع ہورہا ہے، وقت گزر گیا تو پھر پچھتانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ہسپتالوں میں انتظامات پورے ہوتے تو عمران نیازی ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہ کرتے۔ 0.75فیصد شرح سود میں کمی ناکافی اور کاروباری برادری سے مذاق ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی مسلسل خبردار کرتا آیا ہوں۔ اب بھی کررہا ہوں۔ قوم کی زندگی کا معاملہ نہ ہوتا تو خاموشی اختیار کرلیتا۔ یہ ضد، ہٹ دھرمی اور تکبر کا نہیں، ہوش کا معاملہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ٹیسٹ کرانے سے منع کرنے کا مطلب ہے کہ حکومت کے پاس کورونا سے نمٹنے کی تیاری نہیں۔ کوئی بھی ذی شعور اور ذی ہوش شخص ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہیں کرسکتا۔ مریضوں کی تعداد بتارہی ہے کہ معاملہ دنوں سے اب لمحوں کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ چھپانے سے حقائق بدلیں گے اور نہ ہی حالات۔ پاکستانی قوم بڑی بہادر ہے۔ حکومتی ذمہ داری ہے کہ مسئلے کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ تفتان واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے کہ مسافروں کو بغیر سکریننگ کیوں جانے دیاگیا؟ مناسب طبی اور رہائشی انتظامات کیوں نہیں کئے گئے؟۔ شہریوں کو ان حالات میں ایک ہی جگہ بھیڑ بکریوں کی طرح رکھنا انتہائی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ تفتان میں کورونا کے شبہ میں جو خیمہ بستی بنائی گئی ہے، اس سے حکومتی سنجیدگی، اہلیت اور قابلیت کا قوم کو پتہ چل گیا ہے۔ کورونا اور معیشت کے خطرے کے لئے جامع، فوری، مسلسل اور موثر انتظامات واقدامات درکار ہیں۔ قیمتی وقت تیزی سے ضائع ہورہا ہے، معیشت کے معاملے میں بھی حکومتی رویہ ویسا ہی ہے جیسا کورونا سے نمٹنے کے لئے ہے۔ 0.75 فیصد شرح سود میں کمی ناکافی اور کاروباری برادری سے مذاق ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنا، اپنے گھر والوں اور اردگرد کا خیال رکھیں۔