بیرونی کھاتوں کا خسارہ گزشتہ برس سے 6 ارب 97 کروڑ ڈالر کم: سٹیٹ بنک

لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران بیرونی کھاتوں کا خسارہ 2 ارب 84 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہاجو گزشتہ مالی سال سے 6 ارب 97 کروڑ ڈالر کم ہے رواں مالی سال ملکی برآمدات میں تو صرف 2.7 فیصد ہی اضافہ ہوا لیکن درآمدی بل میں 17.5 فیصد کمی رکارڈ کی گئی۔ جولائی سے فروری کے اختتام تک حکومت کو اشیاء اور سروسز کی برآمدات سے مجموعی طور پر 20 ارب 13 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ درآمدات پر 35 ارب 71 کروڑ 50 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے اس دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 15 ارب 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر وطن بھجوائے۔ رپورٹ کے مطابق آٹھ ماہ کا خسارہ جی ڈی پی کے 1.5 فیصد ہے جبکہ جولائی سے دسمبر تک کی پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا ڈالر میں حجم 186 ارب 10 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 9 ارب 42 کروڑ ڈالر کم ہے۔ دریں اثناء لاہور(کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 10 پیسے کے اضافے سے 158 روپے 52 پیسے رہی، یورو کی قدر 2 روپے 13 پیسے کم ہو کر 173 روپے 75 پیسے اور برطانوی پائونڈ کی قدر 2 روپے 65 پیسے کم ہو کر 190 روپے 66 پیسے رہ گئی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 158 روپے 50 پیسے برقرار رہی، یورو 30 پیسے سستا ہو کر 173 روپے 50 پیسے اور برطانوی پائونڈ 1 روپے سستا ہو کر 191 روپے کا ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن