لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا کے خلاف عوام اور ڈاکٹرز نے مل کر جنگ لڑنی ہے۔ اس موذی وبا کی وجہ سے ہم حالت جنگ میں ہیں۔ ہر چیز کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ اس وقت حکومت پر بے جا تنقید نہ کریں۔ وہ بدھ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں قومی ٹیلی میڈیسن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر سینئر ڈاکٹرز اور میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کررہے تھے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ یو ایچ ایس نے شارٹ نوٹس پر اہم کام کیا ہے۔ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے ڈاکٹرز مریضوں کا گھر بیٹھے آن لائن معائنہ کرسکیں گے اور مفت طبی مشورے دیں گے۔ چودھری محمد سرور نے مزیا کہا کہ لوگ ہیلپ لائن نمبر1102229-0301 پر کال کرکے کورونا سے بچاؤ کے بارے میں رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔گورنرپنجاب نے کہا کہ کورونا ایمرجنسی فنڈ قائم کردیا ہے جس میں مخیر حضرات اور این جی اوز عطیات جمع کروا رہے ہیں۔ اس موقع پر اسلامک ایڈ کی جانب سے کورونا ایمرجنسی فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا گیا جبکہ پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کی جانب سے سوسائٹی کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے 5لاکھ روپے کا چیک گورنر پنجاب کو پیش کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم، جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، ڈاکٹر رضوان نصیر، گوہر اعجاز اور ڈاکٹر امجد ثاقب سمیت ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ آن لائن سینٹر 24گھنٹے کام کریگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق ہینڈ سینی ٹائیزر تیار کر لیا ہے۔