سیاسی اتحاد کی تشکیل کا کام مکمل،اعلان اپریل میں کیا جائے گا،مرکزی صدرمسلم لیگ ج

Mar 19, 2020

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) ملک کی 13 سیاسی جماعتوں اور کئی گوشہ نشیںشخصیات پر مشتمل سیاسی اتحاد کی تشکیل کا کام مکمل ہو گیا ہے جس کا اعلان 22 مارچ کو کیا جانا تھا جوبوجہ کورونا وائرس اب یہ اعلان اپریل میں ہوگاجس کی تاریخ کا اعلان حالات دیکھ کرپاکستان مسلم لیگ(ج) کی زیر قیادت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کیا جائے گا۔مسلم لیگ(ج) کے مرکزی صدر محمد اقبال ڈار نے بتایا کہ سیاسی اتحاد کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نثار میمن، سابق وزیر اعلیٰ سندھ غوث علی شاہ اور پیر پگارہ ، علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے مرکزی چیئرمین سفیرامن صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی ، اعجازالحق،حامد ناصر چٹھہ،جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمد، سردار عتیق احمد،ڈاکٹر صفدر عباسی، عبداللہ گل،دانس چنہ، چوہدری ناصر محمود،نعیم چٹھہ،امان اللہ پراچہ،جلال محمود شاہ،ایاز لطیف پلیجو،مطلوب اعوان،نسیم صادق،مرشد احمد سفیان گورایا ایڈووکیٹ اور کئی اہم رہنماوں سے بھی ملاقاتوںاور رابطوںکا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے جبکہ کے پی کے‘ پنجاب‘سندھ اور بلوچستان میں متعدد دیگر سیاسی رہنمائوں سے بھی مشاورت کے بعد سیاسی اتحاد کے لیے باضابطہ اعلان کردیا جائے، اتحاد میں شامل ہونے والی سیاسی جماعتوں کے کارکن اسلام آباد میں جمع ہوں گے اور مشاورتی اجلاس میں اظہار خیال کریں گے نئے سیاسی اتحاد کا منشور ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط‘ معاشی لحاظ سے مستحکم اور خارجہ امور میں ایک خود مختار ملک بنانااور ملک کے شہریوں‘ تاجروں‘ کسانوں‘ محنت کشوں اور مزدوروں کو آئین کے مطابق انہیں ان کے حق دلانا ہو گا۔اس سلسلے میں علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے مرکزی چیئرمین سفیرامن صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی کو مذید رابطوں کا ٹاسک دیا گیا ہے جنہوں نے ملک بھر کے گوشہ نشیںشخصیات سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

مزیدخبریں