کرونا وائرس کے اثرات:قطرائیرویز نے قریباً 200 ملازمین کوفارغ کردیا

Mar 19, 2020 | 09:50

ویب ڈیسک

قطر ائیرویز نے اپنے قریبا دو سو ملازمین کو فارغ خطی دے دی ہے۔یہ تمام ملازمین فلپائنی شہری ہیں اور قطر ہی میں مقیم ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر کی قومی فضائی کمپنی کو مہلک وائرس کرونا پھیلنے کے بعد سے دوسری فضائی کمپنیوں کی طرح مالی خسارے کا سامنا ہے کیونکہ اس نے بہت سے روٹس پر اپنی پروازیں معطل کردی ہیں یا ان کی تعداد میں کمی کردی ہے۔فلپائن کے لیبر سیکریٹری سلویسٹر بیلو نے صحافیوں کو بتایا کہ قطر ائیرویز نے اچانک ان دو سو فلپائنیوں کو ملازمتوں سے فارغ کردیا ہے۔دوحہ میں لیبر اتاشی کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ از خود صورت حال کا جائزہ لیں کہ انھیں اضافی سمجھ کر کیوں فضائی کمپنی سے نکالا گیا ہے۔قطر ائیرویز نے فوری طور پر اس بارے میں کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا ۔قطر ائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو گذشتہ جمعہ کو کرونا وائرس کے بارے میں ایک متنازع بیان دینے پر کڑی تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔انھوں نے اس مہلک وائرس کی موجودگی ہی سے انکار کردیا تھا۔

مزیدخبریں