سکھر(بیورو رپورٹ)ہمدرد پینل سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن نے مستریوں کے حقوق کیلئے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا، محنت کش مستری بھائیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرینگے ، چیئرمین ہمدرد پینل کا اجلاس سے خطابتفصیلات کے مطابق ہمدرد پینل سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین محمد لطیف مغل کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائیس چیئرمین استاد محمد حسین مغل ، استادسلیم مغل ، معشوق علی ، دلدار علی ، استاد نثار جمالی ، سمیت ہمدرد پینل کے مشاورتی اور رابطہ کمیٹی کے اراکین سمیت ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اجلاس میں سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل سمیت غیر قانونی نگراں کمیٹی کے قیام ، سابق عہدے داروں کی جانب سے انتخابی عمل میں تاخیری والے عمل کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈینٹر پینٹر کالونی کے پلاٹوںپر غیر قانونی رجسٹریوں اورغیر متعلقہ لوگوں کی جانب سے سروس روڈ اور دیگر خالی پلاٹوں پر غیر قانونی قبضوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وائیس چیئرمین استاد محمد حسین مغل و دیگر کا کہنا تھا کہ سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کے دن قریب آتے ہی نام نہاد لیڈران نے غیر قانونی غیر آئینی نگراں کمیٹی قائم کی ، بعد ازیں ہمدرد پینل کی جانب سے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے پر سابق عہدے داروں نے مشترکہ آپسی اتحاد سے مستری بھائیوں کیلئے جدوجہد کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا اور ایک معاہدے کے تحت مشترکہ طور پر مستریوں کے حقوق فراہم کرنے کیلئے کام کرنا کا جھوٹا دلاسہ دیکر سنیئر ممبرا ن کا قیمتی وقت ضائع کیا جس کے باعث حق دار مستریوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اجلاس میںشرکاء نے ڈینٹر پینٹر کالونی پر قابض نام نہاد لیڈران کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف ہمدرد پینل سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کی جانب سے 13نکاتی مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظور ی دی اورفیصلہ کیا گیا کہ 13نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک چین سے نہیں بیٹھا جائیگا اور اس کے لئے متعلقہ اداروں سمیت سابق عہدے داروں کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائیگی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہمدرد پینل نے مستریوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور کرتی رہے گی۔ اجلاس میں سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے مقرر کردہ الیکشن کمیشن کے چیئرمین ، ڈپٹی کمشنر ، اے ڈی سی نیو تعلقہ ، سکھر و دیگر متعلقہ محکموں کے بالا افسران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ڈینٹر پینٹر کالونی میں ہونی والی خرد برد ، پلاٹوں کی بندر بانٹ ، نقشہ جات میں تبدیلی ، غیر قانونی رجسٹریوں ، ووٹر لسٹ میں غیر متعلقہ افراد کے نام داخل کرنے سمیت رفاحی و فلاحی پلاٹ کی نشاندہی سمیت ڈینٹر پینٹر کالونی کے ترقیاتی کاموں اور مستریوں کے فنڈز میں ہونی والی کرپشن کا نوٹس لیکرملوث نام نہاد لیڈران کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مستریوں کے انکے حقوق فراہم کئے جائیں بصورت دیگر ہمدرد پینل سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کی جانب سے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائیگا ۔