کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤکے خدشات ،خیبرپختونخوا میں انسداد پولیومہم موخر

 کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاﺅ کے خدشات پرخیبرپختونخوا میں انسداد پولیومہم کو موخر کردیا گیا۔خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی اور مہمند میں 16 مارچ سے انسداد پولیو مہم شروع کی گئی تھی۔ پانچ روزہ پولیومہم میں پانچ سال سے کم عمرکے 13لاکھ 30 ہزاربچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر تھا جبکہ مہم کے لیے7ہزار 455پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جو کہ بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاﺅکے قطرے پلا رہی تھیں۔پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹرکے مطابق مہم کو پانچ روز کی بجائے صرف تین روز کرنے کے بعد محکمہ صحت نے غیر اعلانیہ مدت تک پولیو مہم کو موخرکردیا ۔ اب تک مہم کے تین روز کے دوران مجموعی طورپر11لاکھ 88ہزاربچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ کوآرڈینٹر ای او سی نے کہا کہ انسداد پولیو مہم صوبے میں کرونا وائرس کے باعث معطل کرنا پڑی مہم 16 مارچ کو شروع ہوئی، 19اور 20مارچ کوکیچ اپ پراسس ہونا تھا۔لیکن اب مہم کو موخرکردیا گیا ۔

ای پیپر دی نیشن