کابل(نوائے وقت رپورٹ +این این آئی+ شنہوا) افغان آرمی کا ہیلی کاپٹر گرنے اور بس پر بم دھماکے کے نتیجے میں 9فوجیوںسمیت 12افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان وزارت دفاع نے بتایا کہ صوبے میدان وردک میں فوجی ہیلی کاپٹر ایم آئی17 کریش لینڈنگ کے باعث تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 9 اہلکارا ہلاک ہوگئے‘ تحقیقات شروع کردی گئیں۔ افغان ذرائع کے مطابق 4 فوجی ہیلی کاپٹرز ضلع بہسود میں سامان اور کھانے کی اشیاء لیکر جارہے تھے تاہم لینڈنگ کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کی وجہ سے ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔افغان چیف آف آرمی سٹاف یاسین ضیاء نے بھی تصدیق کی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا گیا،ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا اور بھر پور جواب دینگے۔ دوسری جانب کابل میں سرکاری ملازمین کی بس کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے جن کوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بس میں وزارت مواصلات اور انفارمیشن و ٹیکنالوجی کے ملازمین سوار تھے۔ قندھار میں طالبان کے ٹھکانوں پر امریکی فوج نے حملے کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج کا کہنا تھا کہ طالبان جنگجو افغان فورسز کے ٹھکانوں پر حملے کررہے تھے۔
افغانستان:فوجی،ہیلی کاپٹر کا پٹر تباہ،بس پربم حملہ،9اہلکاروں سمیت12ہلاک
Mar 19, 2021