نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا خطبہ تبوک!!!

صدق و راستی میں سب سے بڑھا ہوا مجموعہ کلام اللہ کی کتاب ہے۔
بھروسے کی چیز کلمہ تقویٰ ہے۔
تمام ملتوں سے بہتر ملت ابراہیم علیہ السلام کی ہے۔
تمام طریقوں سے بہتر طریقہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہے۔ 
تمام باتوں پر اللہ تعالی کے ذکر کو شرف و برتری حاصل ہے۔
 تمام بیانات سے پاکیزہ ترین اور خوب ترین بیان قرآن مجید ہے۔ 
بہترین کام عزیمت کے کام ہیں۔
بدترین امور محدثات و بدعات ہیں۔
بہترین ہدایت انبیاء کی ہدایت ہے بہترین موت راہ حق کے شہیدوں کی موت ہے۔
سب سے بڑھ کر بے بصارتی اور کوری وہ گمراہی ہے جو انسان ہدایت پا لینے کے بعد اختیار کرے۔ بہترین اعمال وہ ہیں جن سے انسان کو دینی، اخلاقی اور مالی نفع حاصل ہو۔
بہترین ہدایت وہ ہے جس کی پیروی کی جا سکے۔۔
بدترین اندھا پن دل کا اندھا پن ہے۔
 بلند ہاتھ پست ہاتھ سے بہتر ہے۔
 تھوڑا مال جو زائد جائز ضرورتوں کے لئے کفایت کرے اس کثیر مال سے بہتر ہے جو انسان کو غفلت میں ڈال دے۔
بدترین عذرخواہی اور توبہ وہ ہے جو جان کنی کے وقت کی جائے۔
بدترین ندامت و شرمساری وہ ہے جو قیامت کے دن ہوگی۔
 بعض لوگ جمعہ کے لیے آتے ہیں مگر ان کے دل پیچھے لگے ہوتے ہیں۔
 بعض لوگ ایسے ہیں جو اللہ کو کبھی کبھی یاد کرتے ہیں۔
گناہوں میں سے عظیم تر جھوٹی زبان ہے۔
 بہترین تونگری دل کی تونگری ہے۔
دانائیوں کا تاج خدائے عزوجل کا خوف ہے۔
 دل نشینی کے لئے بہترین شے یقین ہے۔
 شک و ریب کفر کی ایک شاخ ہے۔
مردے پر نوحہ کرنا یعنی بین کر کے رونا جاہلیت کا کام ہے۔
خیانت دوزخ کی آگ ہے۔
 نشہ آگ کا داغ ہے۔
 شعر گوئی شیطان کا کام ہے۔
شراب گناہوں کا مجموعہ ہے۔
 یتیم کا مال کھانا بدترین روزی ہے۔
سعادت مند وہ ہے جو دوسروں سے نصیحت حاصل کرتا ہے۔
 اصل بدبخت وہ ہے جو ماں کے پیٹ ہی میں بدبخت ہو۔
انسان کا سرمایہ عمل اس کا بہترین انجام ہے۔ بدترین خواب جھوٹا خواب ہے۔
جو بات ہونے والی ہے اس کا وقت قریب ہے۔
مومن کو گالی دینا فسق اور اسے قتل کرنا کفر ہے۔۔
مومن کا گوشت کھانا (یعنی اس کی غیبت کرنا)اللہ سبحانہ وتعالی کی نافرمانیوں میں سے ہے۔
مومن کا مال بھی اسی طرح دوسرے کے لئے حرام ہے جس طرح خون حرام ہے۔
جو اللہ سبحانہ و تعالی سے استغناء  کرتا ہے اللہ جل شانہ اسے جھٹلاتا ہے۔
جو کسی کے عیبوں پر پردہ ڈالتا ہے اس کے عیبوں پر پردہ ڈالا جائے گا۔
جو دوسروں کے ساتھ عفو و درگزر سے پیش آتا ہے اللہ سبحانہ و تعالی اس کے ساتھ عفو درگزر کا برتاؤ کرے گا۔
جو غصہ پی جائے گا اللہ سبحانہ وتعالیٰ اسے اجر سے نوازے گا۔
جو نقصان پر صبر کرتا ہے اللہ جل شانہ اسے اچھا بدلہ دے گا۔
جو چغلی پھیلاتا ہے اللہ سبحانہ و تعالی اس کی رسوائی عام کر دیتا ہے۔
 جو صبر کرتا ہے اللہ جل جلالہ اسے بڑھاتا ہے۔
جو اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی نا فرمانی کرتا ہے اللہ تعالہ اسے عذاب دے گا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق عطاء  فرمائے۔
تاجدارِ انبیاء خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللّہ علیہ وآلہ وسلّم کا یہ خطبہ اگر ہم اپنی زندگیوں پر نافذ کر لیں تو اندازہ کریں کتنے مسائل سے بچ سکتے ہیں، کتنے مصائب سے چھٹکارہ حاصل  سکتے ہیں، کتنی ہی مشکلات سے نکل سکتے ہیں۔ نبی کریم صلی اللّہ علیہ وآلہ وسلّم کا یہ خطبہ بہترین زندگی گذارنے کے لیے مکمل رہنمائی ہے۔ اللہ پر یقین رکھیں، صبر سے کام لیں، چغلی سے بچے رہیں، عفو درگذر سے کام لیں، غصے سے بچے رہیں، دوسروں کے عیبوں کو اچھالنے سے گریز کریں، سچ بولیں، مال و دولت تقسیم کریں، اللہ کا ذکر کریں۔ یتیموں کا خیال رکھیں، کسی کا حق نہ کھائیں، جھوٹ سے انکار کریں، سچ کو عام کریں۔ دیکھیں کیسے زندگیاں بدل جائیں گی، معاشرہ بدل جائے گا، افراتفری ختم ہو گی، بے سکونی کی جگہ آرام اور چین ہو گا۔ بددیانتی ختم ہو گی تو امن و امان ہو گا۔
بدقسمتی سے آج ہمارے پاس یہ پڑھنے کے لیے وقت ہی نہیں ہے۔ ہمیں کسی آئین، کسی قانون، کسی سزا و جزا کے غیر معمولی قانون کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ اگر ہم اپنی بنیاد پر واپس آئیں، ہم یہ سمجھ جائیں کہ ہمارا ایک ایک عمل لکھا جا رہا ہے اور ہمیں ہر عمل کا جواب دینا ہے۔ یہی ہماری بنیاد ہے۔ ہم بیانات سے باہر نکل کر عمل کی طرف بڑھیں تو ہماری زندگیوں میں غیر معمولی تبدیلی آئے گی۔  اللہ ہمیں قرآن و سنت پر عمل کی توفیق عطاء  فرمائے۔ اللہ ہمیں ایک دوسرے کو یاد دہانی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی توفیق عطاء  فرمائے۔ آمین ثم آمین

ای پیپر دی نیشن