پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ،سکروٹنی کمیٹی کا اکبر ایس بابر کو رسیدیں دینے سے انکار 

Mar 19, 2021

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے قائم سکروٹنی کمیٹی نے اکبر ایس بابر کو رسیدیں فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے قائم سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے خلاف درخواست گزار اکبر ایس بابر سکروٹنی کمیٹی میں پیش ہوئے ،درخواست گزار اکبر ایس ابر نے سکروٹنی کمیٹی سے بینک اکاؤنٹس کی رسیدیں فراہم کرنے کی درخواست کی،سکروٹنی کمیٹی نے اکبر ایس بابر کو رسیدیں فراہم کرنے سے انکار کردیا۔بعد ازاںاکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی کا ایک اور اجلاس تھا، پاکستان تحریک انصاف نے کمیٹی میں اس بات کو تسلیم کیا کہ جو پیسہ ملازمین کے اکاؤنٹ میں آیا اسکا ریکارڈ ہی نہیں، ہم نے کہا تمام ملازمین کے اکاؤنٹ سٹیٹ بینک کے ذریعے حاصل کریں،کمیٹی تیسری مرتبہ ایک ہی موضوع پر بحث کرتی رہی، جب پیسہ ملازمین کے اکاؤنٹ میں اور پی ٹی آئی تسلیم کرتی ہے تو اسکی تحقیقات ہونی چاہئیں۔انہوںنے کہاکہ ابھی بھی کمیٹی نے فیصلہ نہیں کیا، کمیٹی نے اگلی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا، الیکشن کمیشن میں عمران خان کی ملزم کی حیثیت ہے، ساتواں سال ہے یہ اس کیس کا ،عمران خان پر آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ آئینی اداروں کی عزت کرے،الیکشن کمیشن اسٹیٹ بینک کے ذریعے اکاؤنٹس معلوم کرے۔

مزیدخبریں