گلگت سپریم اپیلٹ کورٹ میں بھرتیوں کا کیس،رجسٹرار کوتوہین عدالت کا نوٹس 

Mar 19, 2021

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ آف پاکستان نے رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے پراظہار برہمی کرتے ہوئے رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ نیاز محمد کوتوہین عدالت اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیاہے عدالت نے قراردیا ہے کہ رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ نیاز محمد بتائیں انکے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کیوں نہ کی جائے؟عدالت نے قراردیاکہ رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ نہ خود پیش ہوئے نہ جواب جمع کروایااس لئے دو ہفتوں میں اظہار وجوہ کے نوٹس پر جواب جمع کرائیں۔ چیف جسٹس پاکستان  جسٹس گلزار احمدکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گلگت بلتستان سپریم اپیلٹ کورٹ میں بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔کیس کی سماعت کا آغاز ہواتو ملازمین کے وکیل عارف چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ سماعت پر رجسٹرار سے جواب طلب کیا تھا لیکن رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ نہ تو پیش ہوئے اور نہ ہی جواب جمع کروایااس پر سینئروکیل حامد خان نے کہاکہ رجسٹرار کرونا میں مبتلا ہو نے کیباعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، گلگت بلتستان سپریم اپیلٹ کورٹ میں نئے رجسٹرار کی تقرری کے باعث جواب جمع نہیں کروایا جا سکاچیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ رجسٹرارکو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرنا چاہیے تھا ہم رجسٹرار کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر رہے ہیں ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ 

مزیدخبریں