کراچی(کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) ای بی ایم کاز وے کے نزدیک پانی کی نکاسی کا فوری انتظام کرے، سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث کورنگی صنعتی علاقے کا یہ داخلی و خارجی راستہ بری طرح متاثر ہے جس کے باعث ٹریفک جام، صنعتی ورکرز اور سازوسامان کی آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای بی ایم کازوے سے کورنگی صنعتی علاقے میں داخل ہونے والے راستے پر مہران ٹاؤن کورنگی میں لائسنس برانچ کے نزدیک سیوریج کے پانی کے باعث سڑک تباہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے صنعتی علاقے میں آمدورفت شدید متاثر ہورہی ہے۔ صدر کاٹی نے مطالبہ کیا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ فوری طور پر اس صورت حال کاجائزہ لیں اور سڑک کو سیوریج کے پانی سے کلیئر کروانے کے لیے احکامات جاری کریں۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ متاثرہ سڑک کی وجہ سے کورنگی صنعتی علاقے کے متعدد سیکٹرز کی جانب جانے والی ٹریفک میں خلل ہونے کی وجہ سے صنعتی پیداوار اور عام شہریوں کی آمد و رفت میں مسائل کا سامنا ہے، اس رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے۔