لاہور(اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جو کل ہفتہ کوسنائے جانے کا امکان ہے۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیمپ جیل میں کیس کی سماعت کی۔ ملزموں کے وکلاء نے ملزموں کے دفاع جبکہ پراسیکیوشن ٹیم نے ملزموں کیخلاف دلائل دئیے۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزموں کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ملزموں کا ڈی این اے جائے وقوعہ سے میچ کر کے گرفتار کیا گیا۔ ملزم شفقت علی نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنا جرم قبول کیا۔ ملزم عابد ملہی کو متاثرہ خاتون نے مجسٹریٹ کے سامنے شناخت کیا۔ ملزموں نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا۔ شواہد کی روشنی میں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ سی ڈی آر کے مطابق ملزم شفقت کی موجودگی ظاہر نہیں ہوئی۔ شفقت علی سے دباؤ کے تحت اقبال جرم کروایا گیا۔