گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) قائمقام کمشنر و ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ کا گوجرانوالہ میڈیکل کالج اور زیر تعمیر ٹیچنگ ہسپتال گوندلانوالہ کا دورہ،ٹیچنگ ہسپتال کی او پی ڈی کو جلد آپریشنل بنانے کے حوالے سے محکمہ بلڈنگ اور میڈیکل کالج انتظامیہ کو ہدایات جاری،منصوبے کی تکمیل کے لیے درکار فنڈز بارے تفصیلی بریفنگ لی۔پہلے مرحلے میں او پی ڈی کے شعبہ کو آپریشنل کرنے کے لیے 2فلورز مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ صحت پنجاب سے 150ملین روپے فنڈز کی فوری فراہمی کی درخواست کی جائے گی ۔ٹیچنگ ہسپتال کے تینوں بلاکس کو جلد مکمل کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دورہ کے موقع پر انہیں ہسپتال کے تعمیراتی کام کی فزیکل اور فنانشل پراگریس بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے فنڈز سے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ،ہسپتال میں سینٹرل ایئر کنڈیشنر سسٹم،ایلیویٹر ،فائر الارم سسٹم ،فائر فائٹنگ سسٹم ،انائونسمنٹ سسٹم کی تنصیب کے لیے فراہم فنڈز کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور مزید فنڈز کی فراہمی سے تمام جاری کاموں کو مکمل کیا جائے گا ۔