ظل سبحانی نے پلاٹ ریوڑیوں کی طرح اپنوں میں بانٹے:فردوس عاشق

 معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ جنہوں نے نیب پر آستینیں چڑھائیں اور گاڑیوں میں پتھر بھر کر آتے رہے اب وہ قانون کے بلاوے پر حاضری سے جان چھڑا رہے ہیں۔ یہ لوگ سب کچھ بتاتے ہیں، نہیں بتاتے تو اپنی منی لانڈرنگ کے بارے کچھ نہیں بتاتے۔ میں چاہوں گی کہ مریم نواز بھی نیب کی مہمان بنے۔ نیب اپنے ان مہمانوں کا بڑا خیال رکھتا ہے اور پہلے بھی ان کو گھر سے کھانا منگوا نے کی اجازت دیتا رہا ہے۔
    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کس نے اندر جانا ہے کس نے باہر آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست میں شہباز شریف اور حمزہ کی خاموشی عجیب ہے۔ نیب ایک ادارہ ہے کوئی ادارے پر پتھربرساتا ہے تو قانون پر برساتا ہے۔ادارے جب ان کو طلب کرتے ہیں تو ان کی شان میں گستاخی ہوتی ہے۔ یہ تحریک انصاف کی جیت ہے کہ ہم نے طاقتور کو قانون کے تابع کیا ہے۔ ہمیں ان سے پہلے بھی کوئی خطرہ نہیں تھا اور اب بھی نہیں ہے۔ہم نے عوام کو مشکلات سے نکالنا ہے۔
    ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ظل سبحانی نے سرکاری رہائشی سکیموں کے پلاٹ ریوڑیوں کی طرح بانٹے۔انہوں نے لینڈ مافیا کی آڑ میں اپنی اے ٹی ایم مشینوں کی سرپرستی کی۔شہداء، بیوگان اور یتیموں کے کوٹے کے پلاٹ اپنوں میں بانٹے۔رہائشی سکیموں کے پبلک مقامات کو بھی پلاٹ بنا کر بانٹ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چائنہ کٹنگ کا بانی ظل سبحانی ہے۔صرف جاتی امرہ کی خاطرپورے لاہور کا ماسٹر پلان بدل دیا گیا۔راتوں رات امیر ہونے والوں کا یوم حساب آن پہنچا ہے۔ قوم حیران ہے کہ سڑکوں پر پیدل خوار ہونے والے چند دنوں میں ارب پتی کیسے بن گئے؟کیا ان کے گھروں میں تیل یا خزانے کی دیگیں نکل آئی تھیں؟ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے لاہور کی مٹی بیچ ڈالی۔ انہیں لاہوریئے معاف کریں گے نہ قوم۔ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہ تھی۔سینکڑوں کنال قیمتی جائیدادوں کے کھاتے خود بول رہے ہیں کہ ہمارا مالک کون ہے؟

ای پیپر دی نیشن