حکومت پنجاب کم وسیلہ اور گھر افراد کو آسان اقساط پر ذاتی گھروں کے حصول کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے پہلے مرحلہ پر نیم دیہاتی (پری اربن) علاقوں میں بورڈ آف ریونیو کی نشاندہی کردہ سرکاری اراضی پر تین تین مرلہ کے گھرتعمیر کیے جائیں گے۔ حکومت گھروں کی تعمیر کے لیے زمین اور گردشی فنڈز مہیا کرے گی۔گھروں کی تعمیر کا عمل نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بنک آف پنجاب اور دیگربنکوں کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ ایگری کلچر ٹرانسفرمیشن میکانزم کے لیے خدمات مہیا کرنے والوں سے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 16کی بجائے ایک فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ جناح ہسپتال کے برن یونٹ میں چھوٹے بچوں کے لیے الگ علاج کی خصوصی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی اور چلڈرن ہسپتال میں برن یونٹ کاقیام یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے آج ایوان وزیر اعلیٰ میں کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے54ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، مشیر برائے اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری محمد جواد رفیق، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ سنبل، سیکرٹری فنانس افتخار علی ساہو اور متعلقہ سیکرٹری صاحبان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے محکمہ ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ پری اربن علاقوں میں سکیم کے آغاز سے قبل اراضی کے غیر زرعی ہونے کی تصدیق کروائی جائے تاکہ سکیم کے آغاز کے بعد کوئی رکاوٹ کھڑی نہ ہو۔ڈاکٹر سلمان شاہ نے اس سکیم کو حکومت کا بینچ مارک منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کے دائرہ کار میں وسعت کی ضرورت پر زور دیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے متعلقہ محکموں کو مستقبل میں سکیم کے دائرہ کار میں وسعت کے لیے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر محکمہ سپیشلائز ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو چلڈرن ہسپتال ملتان میں دل کے آپریشن کے لیے سامان کی خریداری، محکمہ زراعت کو مالی سال2017-18کی واجب الاداء ادائیگیوں کے لیے 8.913ملین کے اضافی فنڈز، محکمہ خزانہ کو ایم اے،ایم ایڈ انگلش ٹیچرز کے لیے خصوصی الاؤنس اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈکے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ محکمہ صنعت کوپنجاب سمال انڈسٹریز میں پینشنز کی ادائیگی اور کاروبار کے آغاز کے لیے بزنس فیز ون کی تیاری کے حوالے سے سکیم کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کو غیر منقولہ شہری جائیداد پر ٹیکس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے حصہ کی مد میں گرانٹ کی منظوری اور سکیل ون کے نائب قاصد کے بیٹے کے علاج کے لیے اخراجات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور کی بھرتیوں پر پابندی کے خاتمے کی درخواست کو متعلقہ کمیٹی میں بھجوانے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو لاہور میں بس سٹاپوں پر سائے کی فراہمی کے لیے فنڈز کی منظوری دیتے ہوئے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ کی ہدایت کی گئی۔
حکومت پنجاب آسان اقساط پر ذاتی گھروں کے حصول کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے:مخدوم ہاشم جواں بخت
Mar 19, 2021 | 18:35