جاتی امرہ کے کرپشن کے بیانیے کوعلم کی طاقت سے شکست دیں گے: فردوس عاشق

Mar 19, 2021 | 23:26

 معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگایا تھا اور اس مشن کی تکمیل کیلئے پنجاب حکومت یکساں نظام تعلیم کو رائج کرنے جا ر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پنجاب کے اندر محکمہ تعلیم کے اندر نقب زنی ہوتی رہی اس نظام کو تہس نہس کیا گیا۔ موجود حکومت وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق محکمہ تعلیم کی تنظیم نوکر رہی ہے۔ ہم جاتی امرہ سے اٹھنے والے بیانیے کوعلم کی شمع سے شکست دینے جارہے ہیں۔تعلیم ایک قومی مشن ہے اور حکومت اس مشن کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک طرف اپوزیشن سیاست کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر عمل پیرا ہو کر عبادت میں مصروف عمل ہے۔ سیاست کرنے والے ایک دوسرے کے تابوت میں کیل ٹھوکنے پر مصروف ہیں۔ذاتی مفاد کیلئے سیاست کریں گے تو وہی حشر ہو گا جو پی ڈی ایم کا ہوا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی روح پرواز کر چکی ہے اور راج کماری اور کنیزیں آ ہ وبکا کررہی ہے۔

یہاں چند خاندان حاکم رہے اور پوری قوم کو محکوم بنا دیا۔ہم قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت طبقاتی تعلیمی نظام کی وجہ سے منقسم قوم کو اکٹھاکرنے اور اپنے پاؤں پر کھڑے کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ جب قوم تعلیم یافتہ ہوجائے گی تو پڑھا لکھا نوجوان اپنی قسمت کا فیصلہ خودکرے گا۔ ببلو ڈبلو لندن میں بیٹھ کر قوم کی قسمت کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔قوم جانتی ہے کہ گلی گلی پی ڈی ایم کی جانب سے جو ڈرامہ رچایا گیااس کا مقصد این ار او تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلی انگز میں اپوزیشن کو بھاری مارجن سے شکست دی اب دوسری اننگز میں عوام کو ریلیف اور نظام میں اصلاحات کرنے جا رہے ہیں۔

قدم بقدم وزیر اعظم آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایس او پیز پرعمل درآمد کو یقینی بنانا تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ہر علاقے میں یکساں ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنانا حکومت کا کام ہے۔
    بعد ازاں ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ نارووال کے ارسطو کو نارووال سپورٹس کمپلکس، میٹرو ٹرین اور دیگر میگا پراجکٹس میں ہونے والی بے پناہ کرپشن کیوں نظر نہیں آتی۔ اس کی واحد وجہ ان منصوبوں میں ملنے والی کمشن اور لمبی مراعات ہیں انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کو کرپشن کا نام لیتے ہوئے اپنے بھائی کی طرف سے پی ایچ اے لاہور میں مچائی جانے والی بدعنوانی کے بار ے میں بھی بیان صفائی دینا چاہیے۔

مزیدخبریں