اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون اور پاکستان بار کونسل نے سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کے بیان کی مذمت کی ہے۔ احسن بھون نے عمران خان کو غلط مشورے دینے والے معاونین سے محتاط رہنے کی تجویز بھی دی ہے۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ میں محض مبینہ ہارس ٹریڈنگ اور الزامات پر گورنر راج کا نفاذ نہیں کیا جاسکتا۔ ملک میں خراب سیاسی صورتحال کے دوران گورنر راج کا نفاذ تباہ کن ہوگا۔ سپریم کورٹ بار سندھ میں گورنر راج جیسے غیر جمہوری عمل کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ گورنر راج کی بات کرنے سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار کونسلز حکومت کی جانب سے غیر جمہوری اقدامات کی شدید مخالفت کرتی ہیں۔ عدم اعتماد تحریک ایک آئینی عمل ہے جبکہ گورنر راج کے نفاذ سے سیاسی کشیدگی بڑھے گی۔ پاکستان بار کونسل بھی نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان کی مذمت کی ہے پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانے سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے، گورنر راج سے جمہوری عمل کو نقصان ہوگا۔