لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزرائ، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹرینز سمیت 25 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ پارلیمنٹرینز نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور اپوزیشن کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کی شدید مذمت کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن آگ سے کھیل رہی ہے۔ بدقسمتی سے مخالفین نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے۔ حکومت کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیںگے۔ چھانگا مانگا اور مری کی سیاست نہیں چلے گی۔ کپتان کے ساتھ قوم کھڑی ہے اور شکست مخالفین کا مقدر ہے۔ اپوزیشن نے ووٹ کی بجائے نوٹ کو عزت دے کر اپنی ساکھ تباہ کرلی ہے۔ پوری قوم نے اپوزیشن کے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی فعل کو مسترد کردیا ہے۔ مخالفین کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش اپوزیشن کو بہت مہنگی پڑے گی۔ قوم کل بھی کپتان کے ساتھ تھی، آج بھی ہے اورکل بھی رہے گی۔ روز اول سے ہی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازشیںکی جارہی ہیں۔ اپوزیشن کے مذموم عزائم بے نقاب ہوچکے ہیں۔ اپوزیشن نے ہارس ٹریڈنگ کرکے سیاست کو آلودہ کیا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھر پور جواب دے گی۔ ارکان اسمبلی میرے دست و بازو ہیں۔ منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے۔ اپوزیشن کی جا نب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش بری طرح ناکام رہی۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔ کرپٹ عناصر کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔ اپوزیشن ملک میں انارکی پھیلا کرذاتی ایجنڈا پورا کرنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ جو ہونے جارہا ہے، وہ دنیا دیکھے گی۔ ہم اپوزیشن کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اپوزیشن نے منڈیاں لگا کر شرمناک اقدام کیا ہے۔ پوری قوم اپوزیشن کے غیر جمہوری اقدام کی مذمت کرتی ہے۔ یہ لوگ پہلے بھی ہارس ٹریڈنگ کرچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد، حامد یار ہراج، رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد، مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری، ارکان صوبائی اسمبلی رائے ظہور، فیصل فاروق چیمہ، چوہدری مسعود احمد، مسرت جمشید چیمہ، سمیرا احمد، لطاسب ستی، پیر مختار، محی الدین کھوسہ، سمیع اللہ چوہدری، سید رضا بخاری اور دیگر شامل تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما اویس دریشک نے بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ رئیس نبیل احمد اور میاں جلیل شرقپوری نے حلقوں کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں سردار عثمان بزدار نے ہولی کے سلسلے میں خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب کے مختلف علاقوں سے آنے والے ہندو، سکھ، کرسچن اور دیگر اقلیتی نمائندے تقریب میں شریک ہوئے۔ عثمان بزدار کو ایم پی اے یدسٹر چوہان نے ہندو کمیونٹی کی طرف سے چولستان کی روایتی پگ پہنائی۔ ہندو مذہبی رہنما نے ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔ ہندو کمیونٹی اور دیگر اقلیتی رہنماؤں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کیک کاٹا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہولی کی تقریب میں شرکت کرکے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ پاکستان میں اقلیتوں کو جو مذہبی آزادی حاصل ہے، بھارت میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ عثمان بزدار نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔