لاہور (نامہ نگار) ہنجروال کے علاقے میں گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں دو کمسن بھائی جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ بہن شدید زخمی ہو گئی ہے۔ بچوں کی والدہ انہیںگھرمیںاکیلے چھوڑ کر باہر گئی ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ہنجروال کے علاقے پیکو روڈ کے قریب رہائش پذیر حسن کی بیوی گزشتہ روز گھر کے کمرے میں اپنے تینوں کمسن بچوں ڈھائی سالہ نعمان، 4 سالہ عثمان اور 6 سالہ علیشہ کو اکیلا چھوڑ کر باہر چلی گئی تھی۔ اس دوران گھر میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی۔ جس نے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر کمرے میں موجود تینوں کمسن بچوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے 4 سالہ عثمان اور ڈھائی سالہ نعمان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی جبکہ6سالہ علیشہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو زرائع کے مطابق تینوں بہن بھائی کمرے میں میٹریس پر لیٹے ہوئے تھے اس دوران میٹرس میں آگ لگ گئی۔
لاہور/ آتشزدگی