کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے کا مشورہ دینے والے خود گھبرانا شروع ہوگئے ہیں۔ یہ حکومت رہے گی نہیں ، چلی جائے گی کیونکہ ان کے لوگوں نے کشتی سے چھلانگ لگانا شروع کر دی ہیں۔ سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں مرتضی وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا تو اب سندھ حکومت کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں ، یہ کسی اور کو ڈرائیں ہم نے ضیا، مشرف کا سامنا کیا ہے۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ اب لوگ ان کے فلسفے سے متاثر نہیں اور وکلا برادری کا شکریہ کہ انہوں نے شیخ رشید کے بیان کی مذمت کی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جو ضیا کی آمریت سے نہیں ڈرے وہ کیسے ڈر جائیں گے، کیا یہ گورنر راج کے قابل ہے، ان کی گھبراہٹ کا وقت ہوچکا ہے ، ہم ڈرنے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تحریک انتشار ہے ، یہ لوگوں کو سہانے خواب دکھا کر سلیکٹ ہوگئے تھے۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں تحریک انصاف نے پاکستانیوں کو انصاف نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کے مارچ کی پورے پاکستان میں پزیرائی ہوئی تو حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی، اپوزیشن نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے آئین کی پاسداری کا حلف لیا ہے ، آئین کے مطابق اسپیکر کو 14 روز کے اندر اجلاس بلانا ہے۔