اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنما احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب بس بہت ہوچکا، اب آپ پچ پر کھڑے رہے تو آپ کا کردار قوم خود درست کرے گی، یہ قوم آپ کو سٹریچر پر ڈال کر گھر بھیجے گی، عدم اعتماد کا بانسر آپ کو لگ چکا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد داخل ہونے کے بعد سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، جو وزرا اس تحریک کو ناکام بنارہے تھے وہی اجلاس سے فرار دکھائی دے رہے ہیں، تحریک انصاف کے 10سے زائد اراکین عمران خان پر عدم اعتماد کرچکے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے پاس میجک نمبر172کئی درجے کم ہوچکا ہے، عمران خان وزیراعظم کی حیثیت کھو چکے ہیں، وہ ضابطہ کی کارروائی مکمل ہونے پر کوئی پالیسی حکم جاری نہیں کرسکتے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران نیازی سپریم کورٹ سے رجوع کا نیا ہتھکنڈا شروع کر رہے ہیں، عمران خان سپریم کورٹ کو بھی متنازعہ بنانا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ کے فاضل ججز عمران خان کی نیت کو جانتے ہیں۔
عدم اعتماد کا بانسر لگ چکا ،قوم عمران کوسٹریچر پر ڈال کر گھر بھیجے گی، احسن اقبال
Mar 19, 2022