نالائقوں کا اقتدار آخری سانسیں لے رہا ہے:خواجہ عمران نذیر


لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر ارکان قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک علی پرویز ملک اور سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ نالائقوں کا اقتدار آخری سانسیں لے رہا ہے ، اب حکمرانوں کا گریبان ہوگا اور عوام کا ہاتھ ہوگا۔ نا اہل حکمرانوں نے عوام کو ہر سطح پر مجبورو بے کس کردیا ہے ۔ بڑھتے جرائم ، ڈینگی سے اموات ، سانحہ مری سمیت اس حکومت کی انسانی جان کے تحفظ میں ناکامیوں کی ایک لمبی فہرست ہے۔اس ناکام و نااہل حکومت کو گھر بھیجنے میں ہی عوام کی عافیت ہے۔گذشتہ روز پارٹی آفس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قاتل ڈور پھرنے سے 22 سالہ نوجوان اور والدین کے اکلوتے سہارے کی ہلاکت نہایت افسوسناک ہے،اس قیمتی انسانی جان کا لہو کس کے ہاتھ پر تلاش کیا جائے؟۔ گورننس نام کی چیز اس صوبے سے مدت ہوئی رخصت ہو چکی ہے۔پتنگ ڈور بنانے والے درجنوں کارخانے اب کھلے عام کام کر رہے ہیں۔ اقتدار کے مزے لوٹتے نااہل حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی پرواہ نہیں۔

ای پیپر دی نیشن