کراچی ( نیوز رپورٹر )تحریک اہلسنّت پاکستان کی جانب سے شب برأت کے اجتماعات میںعبادات میں وطن عزیزکی سلامتی، استحکام اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں، زائرین وعابدین نے اپنی دعائوں میں پاک فوج، پاکستان رینجرز،پولیس اور دیگر وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعائیںکی،جبکہ فلسطین، کشمیر،شام، برماسمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشدعلی کاظمی القادری، تحریک اہلسنّت علماء مشائخ ونگ ضلع ملیر کے صدر علامہ محمدصابر گولڑوی ودیگر نے شب برأت اور جمعۃ المبارک کے اجتماعات سے اپنے خطاب میں کہاکہ شب برأت سے قبل حکومت اور متعلقہ سرکاری اداروں سے مطالبہ کیاتھاکہ قبرستانوں اور راستوں کی صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کرلئے جائیںاور سیکورٹی سمیت صفائی ستھرائی اور روشنی کے بہتر انتظامات کئے جائیںاور حکومتی سطح پرعوام کی رہنمائی کے لئے کیمپ لگائے جائیںلیکن اسلامیان پاکستان کی درخواست پر کان نہیں دھرے گئے اور قبرستانوں اور اطراف میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر سہولیات کے لئے زائرین ترستے رہے اور ہمیشہ کی طرح اداروں نے صرف اخباری بیانات پر ہی اکتفاکیا بہرحال جن اداروں نے جتنابھی کام کیاہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شب برأت سارے گلے شکوے بھلاکر آپس میں شیر وشکر ہوجانے اور رب کے حضور اپنی خطائوں اور گناہوں کی گڑگڑاکر معافی مانگنے کی رات ہے۔اللہ تعالیٰ عالم اسلام کو عالمی استعمار کی سازشوں سے بچائے،اسلام کو سربلند فرمائے اور مسلم حکمرانوں کو اسلام نافذ کرنے کی ہمت اور طاقت عطافرمائے،پوری دنیامیں جہاں بھی مسلمان ظلم وجبر کی چکی میں پس رہے ہیں ان پر اپناخاص کرم فرمائے اور انہیں ظلم وجبر سے نجات عطافرمائے۔ آمین
شب برأت
شب برأت پر ملکی امن وامان کے لئے دعائیں ،قبرستانوں کے باہر کیمپس
Mar 19, 2022