ہمیں پتا ہے یوکرین پر حملے کی قیمت کیا ہوگی‘ ولادیمیر پیوٹن

Mar 19, 2022 | 13:07

ویب ڈیسک

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین پر حملے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کریملن کے تمام مقاصد پورے ہوں گے۔ ہمیں پتا ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے، کیسے کرنا ہے، اور اس کی کیا قیمت ہو گی۔ اور ہم اپنے تمام مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیں گے۔ماسکو کے لوزنکی اسٹیڈیم میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے یوکرین کی لڑائی کو ”خصوصی فوجی آپریشن” قرار دیا اور کہا کہ سپاہی جذبے سے لڑ رہے ہیں جو بات روس کے اتحاد کی مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ”کاندھا کاندھے سے ملا کر، وہ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، اور ضرورت پڑنے پر بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کرتے ہیں۔ ہم نے ایک طویل عرصے سے اس قسم کے اتحاد کا مظاہرہ نہیں دیکھا”۔پوٹن نے کہا کہ یوکرین کا آپریشن ضروری تھا چونکہ یوکرین کو استعمال کرتے ہوئے، بقول ان کے، امریکہ روس کو دھمکیاں دے رہا تھا، جب کہ روس روسی زبان بولنے والے افراد کو یوکرین کے ”قتل عام” سے بچانا چاہتا تھا۔جس سٹیج پر پوٹن خطاب کررہے تھے وہاں بینروں پر نعرے تحریر تھے، ”دنیا کو نازی ازم کی ضرورت نہیں” اور ”ہمارے صدر کے لیے” کا نعرہ ، جس کے لیے یوکرین میں جاری فوجی کارروائی کے دوران انگریزی حرف زیڈ کی شکل کا نشان استعمال ہو رہا ہے۔لوزنکی اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب میں دو لاکھ سے زائد لوگ موجود تھے۔ پوٹن نے ملکی افواج کو سراہا، جوشیلنگ اور میزائل حملوں کے ذریعے یوکرین کے خلاف لڑ رہے ہیں۔دریں اثنا، مغربی ملکوں کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے نتیجے میں روس کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں؛ اور روسی حکومت کی کرنسی کے تقریباً پچاس فیصد ذخائر تک رسائی ممکن نہیں رہی۔

مزیدخبریں