وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شطرنج بھی ہمارے پاس، چالیں اور مستقبل بھی ہمارے پاس ہیں، یہ لوگ بادشاہ کو گرانے نکلے تھے لیکن انہیں پتہ نہیں تھا کہ راستے میں کتنی مشکلات آئیں گی، یہ عمران خان کی مقبولیت نہیں جانتے تھے، چند لوگوں کی باتوں میں آ کر یہ سمجھ بیٹھے کہ شاید عمران خان کی مقبولیت کم ہو گئی ہے، ضمیر فروشوں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، ہم نے انہیں سات دن دیئے ہیں وہ واپس آ سکتے ہیں، جن لوگوں کا عمران خان کے ساتھ گذارا نہیں اور ان کے پیٹ میں درد ہے تو ہم انہیں دوائی دینے کو تیار ہیں، عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں اور تحریک انصاف کے بغیر پاکستان کی حکومت مکمل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی موجود تھے۔