کراچی (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پچھلے چار پانچ دن سے پاکستان میں وہ کچھ ہو رہا ہے جو75سالوں میں نہیں ہوا، جو شخص بیرونی طاقتوں کی مدد سے ملک میں انارکی پیدا کر رہے ہیں، انہیں عدالتوں سے آئوٹ آف وے ریلیف دیا جا رہا ہے۔ عمران خان کے لئے ریلیف کا جمعہ بازار لگا دیا گیا ہے۔ انہیں بائے ون گیٹ نائن کے پیکیج دیئے جا رہے ہیں، لیکن ملک کے آئین اور ایٹمی طاقت کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دینے والی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مقدمات کے لیے عدالتوں کے پاس وقت نہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا ریفرنس گزشتہ10 سال سے زیر التوا ہے، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے مقدمے میں پیشیاں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی جاتی ہیں۔ پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے کسی قسم کا ریلیف نہیں انصاف چاہیے۔ پاکستان میں جمہوریت بھی رہی اور آمریت بھی رہی ہے جو بھی نظام ہوتا تھا وہ ظاہر نظر آتا تھا۔ عمران خان نے پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ وہ سب سے بڑے بدمعاش اورغنڈے ہیں۔ عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان کو آئین و قانون کے تحت بلایا نہیں جا سکتا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ ملک میں ہوکیا رہا تھا کس طرح کی روایات قائم کی جا رہی ہیں۔ عمران خان کوبار بار ریلیف دیا جا رہا ہے۔ گرفتاری کے خوف سے عمران خان ڈرامہ کر رہے ہیں۔ پوری ریاست کو یرغمال بنایا گیا۔ یہ پورے ملک کے لئے بدنامی کا باعث ہے۔
لاڈلے کیلئے عدالتیں صبح شام کھلتی ہیں: شرجیل میمن
Mar 19, 2023