سندھ اور جارجیا میں "سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ" کیلئے تاریخی قرارداد کی منظوری


اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار)امریکی ریاست جارجیا کی قانون ساز اسمبلی میں صوبہ سندھ اور ریاست جارجیا کے درمیان "سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ" کے قیام کے حوالے سے تاریخی قرارداد کی منظوری۔ تفصیلا ت کے مطا بق امر یکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا  ریاست جارجیا کے منتخب  نمائندے فاروق مغل کو ٹیلیفون اور مبارکباد دی ۔مسعود خان نے صوبہ سندھ اور ریاست جارجیا کے درمیان "سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ "کی قرارداد کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف  کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ممالک کی سافٹ پاور بھی اجاگر ہوگی۔ایک  انتہائی  اہم پیش رفت میں  امریکی ریاست جارجیا کی قانون ساز اسمبلی نے ریاست جارجیا اور پاکستان کے صوبہ سندھ کے درمیان "سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ" کے قیام کیلئے قرارداد منظور کی ہے۔ ریاست جارجیا   اسمبلی کے نمائندے فاروق مغل کی جانب سے پیش کردہ   قرارداد کے مطابق  جارجیا اور صوبہ سندھ کے درمیان سسٹر سٹیٹ تعلقات   قائم ہونے  سے باہمی تجارت تعلقات میں فروغ سمیت تعلیم ، ماحولیات    اور ثقافتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔ سفیر مسعود خان نیریاستی نمائندے فاروق مغل کو ٹیلیفون کرکے  قرار داد پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی کوششوں سے  منظور ہونے والی  قرارداد   پوری  پاک امریکی کمیونٹی کیلئے باعث فخر ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ یہ تاریخی قرارداد دونوں فریقین کے درمیان نہ صرف مضبوط اور قریبی تعلقات استوار کرنے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاکستان اور امریکہ کی سافٹ پاور کو پراجیکٹ کرنے میں مدد دے گی۔سفیر نے کہا کہ یہ قرارداد تجارت سمیت سرمایہ کاری، تعلیم، ماحولیات، ثقافت ، عوامی تبادلے اور باہمی روابط اور شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مضبوط فریم ورک اوربنیاد فراہم کرتی ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سفیر نے کہا کہ اس قرارداد سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کی نئی راہیں کھلیں گی۔فاروق مغل نے حوصلہ افزائی کرنے پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں فریقین کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے لیے کاروباری برادری، انڈسٹری  اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ وہ بہت جلد   جارجیا کی سیاسی اور کاروباری قیادت کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے  تاکہ  جارجیا کی قیادت  کو  پاکستان   میں موجود وسیع تر کاروباری مواقع  دیکھنے کا موقع میسر آئے۔ سفیر نے قرارداد کی منظوری کو یقینی بنانے میں تعاون اور عملی کردار ادا کرنے پر  ریاستی نمائندے رون سٹیفنز ، ایوان کے چئیرمین برائے اقتصادی ترقی و سیاحت کمیٹی ،مائیک چیوکاس ، چئیرمین برائے سمال بزنس ڈویلپمنٹ کمیٹی، کارل گیلیئرڈ   چیئرمین   جارجیا لیجسلیٹو بلیک کاکس اور دیگر اراکین   کا بھی شکریہ ادا کیا۔امریکی ریاست جارجیا کا شمار رقبے کے لحاظ سے 24 ویں اور آبادی کے حوالے سے امریکہ کی  8ویں بڑی ریاست   کے طور  پر   ہوتا ہے۔ 11 ملین افراد کی آبادی پر مشتمل ریاست جارجیا کی جی ڈی پی  580 بلین ڈالر ز کے قریب   ہے جبکہ گذشتہ 5 سالہ جی ڈی پی گروتھ کے لحاظ سے جارجیا پورے امریکہ میں 14ویں نمبر پر آتاہے جبکہ قرارداد  میں شامل  دوسر ا    فریق صوبہ سندھ مضبوط صنعتی بنیاد، ساحلی رسائی اور متنوع معیشت کے ساتھ پاکستان کی دوسری بڑی معیشت کے طور پر اپنی شناخت رکھتا ہے۔ریاستی نمائندے فاروق مغل   ڈسٹرکٹ   105 کے شہریوں کی نمائندگی کرتے ہیں، جس میں گوینیٹ کاؤنٹی کے علاقے بھی شامل ہیں۔ فاروق مغل 2022 میں ایوان نمائندگان کے لیے منتخب ہونے کے بعدسیخصوصی قواعد،  عدلیہ  نان سول  اور ریاستی منصوبہ بندی  اور کمیونٹی امور کی کمیٹیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔امریکی ریاستی نمائندیفاروق مغل کی جانب  منظور شدہ   قرارداد جارجیا کے گورنر برائن کیمپ، امریکی سینیٹ اور وائٹ ہاؤس میں جمع کرائی جا چکی ہے۔سفیر مسعود خان نے فاروق مغل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انکی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ اپنے منظم نیٹ ورک کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروباری برادری کے درمیان روابط میں سہولت کاری کریں اور عوامی تبادلوں اور روابط  کو فروغ دیں۔

ای پیپر دی نیشن