کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز قانون دان اور ایڈوکیٹ ہائی کورٹ فہیم ضیاء نے کہا ہے کہ ملکی بحران کا حل انتخابات ہیں مگر یہ ہوتے نظر نہیں آرہے عمران خان کی پریشانیوں اور مشکلات کی وجہ ان کی ہٹ دھرمی ہے انہیں ذرداری ، نوازشریف اور دیگر کے کیسز میں نیب کے ذریعے پلی بارگین کر کے لوٹی گئی رقم نکلوانی چاہیے تھی ۔ عمران خان ایماندار اور مخلص ہیں لیکن لے پالک ارکان اُن سے وفا داری نہیں کریں گے ۔ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا پنجاب اور کے پی میں الیکشن سے متعلق فیصلہ لائق تحسین ہے۔ لیکن عدلیہ کو سیاسی معاملات و تنازعات سے دور رہنا چاہیے وکلاء تحریک کی کامیابی کے بعد بار اور بینچ کے وقار میں اضافہ ہوا تھا اور امید ہو چلی تھی کہ اب آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہوگی انہوں نے کہا عدالتی فیصلوں پر جانبداری کا شبہ نہیں ہونا چاہیے فیصلے بھی آئین کے تابع ہوں تو سوال نہیں اٹھیں گے عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں ان کا تحریک عدم اعتماد کا سامنا نہ کرنا اُن کی غیر سیاسی سوچ کا غماز ہے اگر وہ اپوزیشن میں بیٹھتے تو ان کے سیاسی قد میں اضافہ ہوتاعمران خان کی نا اہلی سے ان کی مقبولیت بڑھے گی اور مخالفین کے حصے میں رسوائی کے علاوہ کچھ نہیں آئے گا۔ البتہ پی ٹی آئی میں گروپنگ ہو سکتی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے تحریک انصاف کو مستقبل میں ملنے والا اقتدار پھولوں کی سیج نہیں ہوگا ۔موجودہ حکمرانوںکی طرح انہیں بھی سخت مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑے گا۔