لاہور(نامہ نگار)سندھ اور گلگت بلتستان کے 381 ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، پراجیکٹ کو آرڈینیٹر سندھ صوبیہ عابد، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیربھی تقریب میں شریک تھے۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایازصادق نے کہا کہ ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں وزیر اعظم کی نمائندگی کرتے ہوئے بہت خوش ہوں۔ معاشرے کو احساس تحفظ فراہم کرنے میں ریسکیو 1122کا رول کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ ریسکیوراپنی جان کو مشکل میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے آگ، دھوئیں، پانی اور گرتی عمارتوں کے اندر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر خود کو جھونک دیتے ہیں۔ ترکیہ میں پاکستان ریسکیو ٹیم نے سب سے پہلے پہنچ کے جس طرح منہدم عمارتوں سے لوگوں کو زندہ ریسکیو کیا ہے اس نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دئیے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ پنجاب ریسکیو،سندھ ریسکیو،خیبرپختونخواہ ریسکیو کی بجائے پاکستان بھر میںپاکستان ریسکیو ہونی چاہئے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاوید اکرم نے کہا کہ میں خود کو ریسکیو1122ٹیم کا حصہ سمجھتا ہوں ۔یقین ہے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اپنی صلاحیتوں کا بہتر استعمال کرتے ہوئے لوگوں کے کام آئیں گے۔صوبیہ عابد نے حکومت سندھ کی جانب سے سندھ میں ریسکیو سروس کے قیام کیلئے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ذریعے مفت تربیت فراہم کرنے پر وزیر اعظم اورر حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سندھ کے کیڈٹس کو تربیت دینے پر ایمرجنسی سروسزاکیڈمی کے انسٹرکٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سیکرٹری ایمر جنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نے اپنے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ ریسکیو 1122 نے اکتوبر 2004 میں اپنے قیام سے لیکر اب تک 12کروڑ سے زائد ایمر جنسی متاثرین کو ریسکیو کیاہے۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاس آؤٹ ہونے والے381 ریسکیورز سے حلف لیا ۔
سندھ ‘ گلگت بلتستان کے 381 ریسکیورز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ
Mar 19, 2023