صحت سہولیات ، تعلیم فراہمی کیلئے آغا خان یو نیورسٹی سے مل کر کام  کرینگے : وزیراعلی سندھ


کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کئی دہائیوں سے سندھ حکومت کی قابل اعتماد شراکت دار رہی ہے لیکن حالیہ برسوں میں اس شراکت داری  میں مزید پائیداری آئی ہے۔پاکستان میں کرونا وبا کا جب پہلا کیس  سامنے آیا تو اس حوالے سے بہت سے سوالات نے جنم لیا جن کے جوابات کی کھوج میں آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین نے اہم کردار ہے۔ یہ بات انہوں نے آغا خان یونیورسٹی کے چالیس ویں یومِ تاسیس اور آغا خان یونیورسٹی میں 2022 کے تقسیمِ اسناد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں شہزادی زہرہ آغا خان، چیئرمین ذاکر محمود اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبران صدر سلیمان شہاب الدین، گریجویٹس طلبا اور ان کے خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ مراد علی  شاہ نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی ان کی حکومت کا ایک قابل اعتماد اور اہم شراکت دار رہا ہے۔ پاکستان میں کرونا وبا کا جب پہلا کیس سامنے آیا، تو اس حوالے سے بہت سے سوالات نے جنم لیا جن کے جوابات کی کھوج میں آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین  نے اہم کردار ادا کیا ۔ آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین نے ان مشکل وقت میں بھی ہر لمحے حکومت کے ساتھ تعاون کیا اور اگر ہمیں آدھی رات کو بھی ان کے تعاون کی ضرورت پڑتی تو وہ پیش پیش رہتے اور یونیورسٹی سے کوئی نہ کوئی ہماری مدد کے لیے ضرورحاضر ہوتا اور اس حوالے سے اپنی معلومات ہمارے ساتھ شیئر کرتے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جیسے ہی کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیااور یہ  بات سامنے آئی کہ ہمیں اپنے ڈاکٹروں اور نرسوں کو کرونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے اضافی تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے تو ہم نے  آغا خان یونیورسٹی سے رجوع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے  جذبے کے ساتھ آغا خان یونیورسٹی نے پبلک سیکٹر کے ہزاروں ہیلتھ پروفیشنلز کو تربیت دی اور ایک ہاٹ لائن قائم کی تاکہ سرکاری اسپتالوں میں ICU ڈاکٹرز چوبیس گھنٹے کووِڈ کے مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے ان سے مشورہ حاصل کر سکیں۔ مراد علی  شاہ نے حالیہ سیلاب کے  حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسا سیلاب پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں گزارا  جس نے ہرطرف تباہی برپا کردی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی نے ایک بار پھر حکومت اور نجی شعبے کے متعدد اداروں کے ساتھ مل کر اس چیلنج کا سامنا کیا۔ سندھ اور دیگر صوبوں میں متاثرہ کمیونٹیز میں صحت کی سہولیات  کی فراہمی کے لیے کیمپس قائم کیے۔  انہوں نے مزید کہا کہ اے کے یو لاکھوں لوگوں کی خدمات کے فرائض بھی انجام دیتا ہے۔وزیراعلی سندھ نے اے کے یو کمیونٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا جو ضرورت کے وقت  اپنے ساتھی شہریوں کی مدد میں  پیش پیش رہے اور رضاکار/ عطیہ دہندگان کے طور پر اپنی خدمات  پیش کرتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی تعلیم  کے مثبت پہلو کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے  کہ یہاں کے تعلیم یافتہ طلبا  نے سیلابی صورتحال میں بے پناہ خدمات انجام دیں ۔ مرادعلی  شاہ نے کہا کہ وہ  سرکاری شعبے کے ساتھ شراکتداری میں اے کے یو کی جانب سے صحت اور تعلیم کے اہم مسائل کو حل کرنے کی بہت سی اور مثالیں  پیش کر سکتے ہیں- کراچی کے دشوارترین  علاقوں میں ویکسینیشن تک رسائی بڑھانے سے لے کر دیہی سندھ میں اساتذہ کی تربیت تک اے کے یو کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ اے کے یو معاشرے کی کسی مخصوص کمیونٹی کے لیے خدمات انجام نہیں دے رہا بلکہ یہ سندھ اور پاکستان کے مجموعی مفاد کے لیے کام کر رہا ہے۔مر اد علی شاہ نے کہا کہ ان کے اپنے خاندان میں اے کے یوکا گریجویٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ میری بھانجی نے یہاں سے 2017 میں  میڈیکل کی ڈگری حاص کی ہے  اور میں جانتا ہوں کہ یہاں کے گریجویٹس نے کس قسم کی تعلیم  پائی ہے، میں ان کی صلاحیتوں کو جانتا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ ان کا مستقبل  سچ میں بہت روشن ہے۔اے کے یو  صرف پاکستان میں خدمات انجام نہیں دے رہا بلکہ افغانستان، کینیا، تنزانیہ، یوگنڈا اور برطانیہ میں بھی ان کے کیمپس اور اسپتال موجود ہیں۔  وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہاں سے گریجویٹس کرنے والے طلبا خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے خود کو آغا خان یونیورسٹی  سے منسلک رکھا۔ اے کے یو کی کامیابی ان کمیونٹیز اور ممالک کے لیے فخر کی بات ہے جن کی یہ خدمت کرتی ہے۔ وزیراعلی سندھ  نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے  جیسے کہ ہز ہائینس دی آغا خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی معاشرے کی فلاح و بہبود سے منسلک ہوتی ہے جہاں اس کا قیام ہو ۔مرادعلی  شاہ نے کہا ہے کہ اگر اے کے یو پروان چڑھ رہا ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ اسے پاکستانی عوام اور بحر ہند کے اس پار کے میزبان ممالک کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ اس کی کامیابی ہماری کامیابی ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہم کس  قدرقابل ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ سندھ اور پاکستان کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات اور تعلیم فراہم کرنے کے  حوالے سے اے کے یو کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے گریجویٹس اے کے یو کی تعلیم  کی پائیداری  اور غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔وزیراعلی سندھ نے ان  تمام گریجویٹس کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ۔نئے فارغ التحصیل طلبا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی  سندھ نے کہا کہ جن طلبا نے آغا خان یورنیورسٹی سے ڈگری حاصل کی ہے وہ ان کے روشن مستقبل  کی ایک اہم سیڑھی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلی سندھ نے شہزادی زہرہ آغا خان سے ملاقات کی اور ان سے تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر دی نیشن