غریب عوام کا خیال رکھنا حکومت کےساتھ تاجروں کی بھی ذمہ داری ہے :پیاف

Mar 19, 2023


لاہور (کامرس رپورٹر)چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) فہیم الرحمان سہگل نے سینئر وائس چیئرمین پیاف نصراللہ مغل اور وائس چیئرمین پیاف طاہر منظور چودھری کے ہمراہ کاروباری طبقہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو اشیائے خوردو نوش اور دیگر اشیائے ضرورت ارزاں نرخوں پر فراہم کر کے مہنگائی کے اس دور میں ان کی مشکلات کم کی جائیں۔ کم وسائل والے لوگوں کو خیال رکھنا حکومت کے ساتھ ساتھ تاجروں کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ لہٰذا انھیں سہولیات فراہم کرنے کیلئے جہان تک ممکن ہو تاجر برادری اپنا منافع حتی ا لمقدور حد تک کم کر دے۔ انھوں حکومت پر بھی زور دیا کہ رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں بزنس کمیونٹی بشمول عوام کو ریلیف دیا جائے۔ حکومت ماہ مبارک سے قبل گراں فروشوں سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ بجلی، گیس اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں مناسب کمی جائے۔ رمضان میں صنعتوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ صارفین کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی ٹیکس اور سیلز ٹیکس کا خاتمہ کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ ہوشربا مہنگائی میں عوام کو ریلیف حاصل ہو۔

مزیدخبریں