صوبائی صدر پی ٹی آئی بلوچستان قاسم سوری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک میں آئین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی صدر پی ٹی آئی بلوچستان قاسم خان سوری نے پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنماوٴں کے خلاف درج ایف آئی آر کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ روڈ اور بجلی گھر تھانہ میں تحریک انصاف کے سنئیر رہنماؤں کے خلاف دونوں مقدمات میں عدالت سے ریلیف لیں گے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا پاکستان تحریک انصاف کے ورکروں کا جمہوری اور آئینی حق ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنماؤں اور کارکنوں کی جھوٹے ایف آئی آر سے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ جو بربریت اور ظلم کا نظام چل رہا ہے اس کو ختم کر کے دم لیں گے۔قاسم خان سوری نے کہا کہ بھوکلاہٹ کا شکار حکومت نے چیئرمین عمران خان پر تقریبا مقدمات کی سنچری مکمل کرلی۔انہوں نے کہا کہ چوروں اور کرپٹ مافیہ کے امپورٹڈ حکومت نے ملک میں آئین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرچ وارنٹ کے بغیر عمران خان کے گھر پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور گھر سے قیمتی سامان اپنے ساتھ لے گئے جبکہ پنجاب پولیس نے اپنی پرانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر نواز خاندان کے حکم پر قانون کی خلاف ورزی کی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور ان کے حواریوں کو تحریک انصاف جیسے پر امن جماعت کو کالعدم اور عمران خان جیسے بہادر مسلم لیڈر کو دہشت گرد ثابت کرنے کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔
صوبائی صدر پی ٹی آئی بلوچستان قاسم خان سوری نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں صرف پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین کی سپریمیسی پر یقین رکھتے ہیں. تحریک انصاف پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق اپنے تمام مخالفین کو شکست فاش دے گی۔