پی ٹی آئی کور کمیٹی نے شیر افضل، بیرسٹر علی ظفر کو متنازعہ بیان دینے سے روک دیا 

Mar 19, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے شیر افضل مروت اور بیرسٹر علی ظفر کو متنازعہ بیان دینے سے روک دیا ہے۔ اجلاس میں رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے متنازعہ بیان دینے پر اراکین سے معذرت کرلی۔ ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت نے کور کمیٹی کے ممبران کو آئندہ کوئی بھی متنازع بیان نہ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ بعدازاں شیر افضل مروت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مرکز اور صوبوں میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے جبکہ پہلا جلسہ اسلام آباد میں 30 مارچ کو ہوگا۔ شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ جو بھی آئندہ فیصلے ہوں گے وہ کور کمیٹی کے ذریعے ہی ہوں گے۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا کے اراکین بھی آئندہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت کے دوران عدالتوں میں پہنچیں گے۔ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کور کمیٹی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات پر مکمل بریفنگ دی گئی۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا بیرسٹر گوہر علی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں علی محمد خان، شیر افضل مروت، عامر ڈوگر اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے شرکت کی۔ اجلاس میں بانی چیئرمین کے کیسز کے حوالے سے پیش رفت پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینٹ انتخابات سے متعلق لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی۔ اجلاس میں سنی اتحاد کونسل سے اتحاد اور مخصوص نشستوں کے معاملہ پر بھی غور کیا گیا۔ شیر افضل مروت نے میڈیا کو بتایا کہ کور کمیٹی میں گفتگو کے بعد معلوم ہوا کوئی آپسی مسائل تھے ہی نہیں۔ آئندہ  کے فیصلے کور کمیٹی کی مشاورت سے ہوں گے۔ میرے بیان کو ٹی وی پر غلط طریقے سے چلایا گیا۔ ہم ہر فیصلہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے منظور کرواتے ہیں۔ پہلے بھی کور کمیٹی فیصلے کرتی تھی اب بھی وہی کرے گی۔

مزیدخبریں