پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں سالانہ 800 ارب روپے تک اضافہ

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  وزارت توانائی نے انکشاف کیا ہے کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرض کم ہونے کی بجائے بڑھنے لگا اور اب یہ بڑھتے بڑھتے تین ہزار ارب سے تجاوز کرگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری کی صدارت میں پاور سیکٹر کے چیلنجز سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں توانائی سیکٹر کو درپیش چینلجز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر توانائی نے پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں اضافے کو روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں وزیر توانائی کو بتایا گیا کہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز میں پاور سیکٹر کا گردشی قرض بڑی وجہ ہے جو تین ہزار ارب سے تجاوز کرچکا ہے۔ جس سے معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ وزیرتوانائی نے کہا کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرض سالانہ بنیادوں پر 7 سے 8 سو ارب بڑھ رہا ہے، اس کو روکنے کیلیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور اس کے اسباب و نااہلی کا سد باب کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن