اسحاق ڈار سے امریکی، چینی سفیروں کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال 

Mar 19, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اقتصادی اصلاحات کیلئے امریکی تعاون پر گفتگو کی گئی۔ قائم مقام ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی حکومتی، تجارت و سرمایہ کاری اور امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے پیر کو یہاں ملاقات کی جس میں سی پیک کے فیز ٹوکی اعلیٰ معیار کی ترقی پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین ہمہ موسمی سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔  اقتصادی راہداری کے فیز ٹو کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے چین کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی خصوصی اہمیت اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی، صنعتی اور زرعی تعاون کے لیے اس کی بھرپور حمایت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج ایک روزہ دورہ پر برطانیہ پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں ایک روزہ قیام اور سرکاری مصروفیات کے بعد وزیر خارجہ برسلز روانہ ہوں گے جہاں وہ نیو کلیئر سکیورٹی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں