لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی کابینہ نے 2023-24 کے مجموعی بجٹ مالیتی 4480.7 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس ہوا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قرارداد میں وزیر اعلیٰ کو تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیاء کے بے مثال حد تک نرخ نیچے آرہے ہیں۔ پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کے لیے توقع سے بڑھ کر کام کیا۔ اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے۔ صوبے بھر میں 35لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے۔ ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ پیاز اور دیگر اشیاء کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے قرارداد میں کہاکہ تاریخ کے بہترین اور شفاف ترین رمضان پیکج پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ رمضان نگہبان پیکج میں مانیٹرنگ اور شفافیت بے مثال ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کا تخمینہ پیش کیا گیا۔ رمضان پیکیج کے لئے 30ارب روپے کا بجٹ منظور کرلیا گیا۔ جبکہ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کے لئے بھی بجٹ منظور کر لیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی۔ مریم نواز شریف نے سال 2023-2024 کی بجٹ دستاویزات پر دستخط کر دئیے۔ مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں گٹر کی صفائی کے دوران سیور مینوں کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکیا۔ پنجاب کے تین شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹ سیکٹر کے پراجیکٹ کا جائزہ اجلاس ہوا، 20 ہزار الیکٹرک اور پٹرول بائیکس پراجیکٹ اور پانچ شہروں میں 657 بس سروس پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ نواز شریف نے ہدایت کی کہ طلبہ کی ضروریات کا تعین کر کے بائیکس کی تعداد مزید بڑھائی جائے اورطلبہ کے لئے بائیکس کی ماہانہ قسط کم از کم رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کے لئے بسوں کا کرایہ بھی کم سے کم مقرر کیا جائے۔ مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ بائیکس کی فراہمی کے لئے عید سے پہلے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا جائے۔ پنجاب بھر میں ٹریفک لائسنس کے حامل سٹوڈنٹس کو بائیکس دی جائیں گی۔ بنک آف پنچاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک دی جائیں گی۔ سود حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔ مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر دی جائے گی۔ شہروں میں میل اور فی میل سٹوڈنٹس کیلئے 50،50 فیصد کوٹہ مختص ہوگا۔ دیہات میں 70 فیصد طلباء اور 30 فیصد کوٹہ طالبات کیلئے مختص ہوگا۔ لاہور کیلئے 300، راولپنڈی78، ملتان100،فیصل آباد 110، بہاولپور 42 ہائبرڈ ڈیزل بسیں لائی جائیں گی۔ 27 مکمل الیکٹرک بسیں لاہور میں چلائی جائیں گی۔ مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) اسلام آباد ضلعی صدر راجہ وقار ممتاز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بہترین رمضان پیکج پر مریم نواز کو خراج تحسین، اگلے برس مزید بہتر لائینگے: وزیراعلیٰ
Mar 19, 2024