لاہور(کامرس رپورٹر )سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا رہامگر اس سے باہر آگئے‘ موجودہ معاشی چیلنجز سے بھی نمٹا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس میں میڈیم ٹرم اکنامک آئوٹ لک آف پاکستان کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ اور آبادی دونوں اڑھائی فیصد کے تناسب سے بڑھی ہے یعنی ہماری اوسط آمدن میں کسی قسم کی بہتری نہیں آئی۔ ہمیں قرض ادائیگی کیلئے ہر سال 22سے 25ارب ڈالر چاہئیں جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر8 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔ ملک میں بیروزگاری ساڑھے دس فیصد اور غربت کی شرح 33فیصد سے بڑھ کر 45فیصد ہوگئی ہے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کہا بڑا مسئلہ روپے کی گرتی ہوئی قدر ہے جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا ہماری معیشت کی بنیادی لائف لائن ایکسپورٹس اور ٹیکس ریونیو کو بڑھانے میں پنہاں ہے۔ ہمیں قومی اداروں کے نقصانات کو کم کرنا ہوگا یا پھر ان کی نجکاری کردینی چاہیے۔
ماضی میں مشکل حالات کا سامنا رہا‘ معاشی چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے:حفیظ پاشا
Mar 19, 2024