شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر حملے کےخلاف 2مذمتی قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع 

Mar 19, 2024

لاہور ( این این آئی+نوائے وقت رپورٹ)شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر حملے کے خلاف 2مذمتی قراردادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی کنول لیاقت ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میر علی چیک پوسٹ پر دشمن کے بزدلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے اس حملے میں شہادت کا بلند رتبہ پانے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہے ، پوری قوم متحد ہو کر پاکستان فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،جام شہادت نوش کرنے والے شہدا ھمارا فخر ہیں۔جبکہ مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے وزیرستان میں پاک فوج کے شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی ۔ جسکے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، پاک فوج کے شہداکے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہیں ۔ ارض پاک کے دفاع کے لیے پاک فوج کے شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پوری قوم کو اپنے شہداپر فخر ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درامد یقینی بنایا جائے۔پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رکن نرگس فیض ملک کے پوائنٹ آف آرڈر پر سپیکر نے شمالی وزیر ستان میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کے لیے دعائے مغفرت کرا دی۔ پنجاب اسمبلی کے 3ماہ کے بجٹ کی منظوری کے لیے بلائے گئے اجلاس میں نرگس فیض ملک نے توجہ دلائی۔

مزیدخبریں