کراچی(این این آئی)حکومتی اداروں کے ادھار کے باعث پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او)کو مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومتی ادارے پی ایس او کے 820ارب روپے سے بھی زائد کے مقروض ہیں، جس کے باعث پی ایس او کیلئے ایل این جی خریداری کیلئے ایل سیز کی ادائیگی مشکل ہوگئی ہے۔دستاویزات کے مطابق پی ایس او کے گردشی قرض کا 65 فیصد صرف گیس سیکٹر ذمہ دار ہے، گردشی قرض 534ارب تک پہنچ گیا، پاور سیکٹر نے پی ایس او سے 189 ارب کا ادھار تیل لے رکھا ہے، پی آئی اے بھی پی ایس او کی 96 ارب روپے کی نادہندہ ہے۔دوسری جانب رقم نہ ملنے کے باعث پی ایس او کو ادائیگیاں کرنے میں مشکلات سامناہے کیونکہ پی ایس او کو مختلف ریفائنریز کو 40 ارب کی ادائیگیاں کرنی ہیں جبکہ ایل این جی کی خریداری کیلئے 210 ارب روپے ایل سیز کی مد میں درکار ہے۔