پیوٹن کو چین شمالی کوریا کی مبارکباد:امریکہ،برطانیہ،جرمنی نے انتخابات کومشکوک قرار دیدیا

Mar 19, 2024


ماسکو واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) روس کے صدارتی الیکشن میں منتخب ہونے پر صدر پیوٹن کو مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی کوریا نے پیوٹن کو ایک بار پھر صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ سربراہ شمالی کوریا کم جونگ ان نے پیوٹن کو تہنیتی خط بھیجا۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے روسی صدر پیوٹن کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور دو طرفہ تعلقات میں اضافے کی امید ظاہر کی ہے۔ امریکا، برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے روس میں ہونے والے صدارتی انتخابات پر ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ امریکا اور برطانیہ نے روس میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس میں صدارتی انتخابات صاف اور شفاف نہیں ہوئے۔ پیوٹن نے مخالفین کو قید میں ڈال کر سیاسی عمل سے باہر رکھا۔ روس کے انتخابات مشکوک انداز میں ہوئے۔ جرمن وزارت خارجہ نے روسی الیکشن پر ردعمل میں کہا کہ روس کے صدارتی الیکشن کے نتائج سے کوئی حیرانی نہیں ہوئی کیونکہ یہ شفاف نہیں ہیں۔ پیوٹن کا انتخاب تشدد اور سنسرشپ کی بنیاد پر ہوا۔ یوکرائن کے مقبوضہ علاقوں میں انتخابات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے والے ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن میں مغربی افواج کی موجودگی اور نیٹو کی مداخلت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر دھکیل سکتی ہے۔ روسی صدر نے اپنے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ان سے کیا امید کر رہے ہیں؟ کیا یہ ہمارے لئے تالیاں بجائیں گے؟ وہ ہمارے خلاف ہیں ان کا مقصد ہماری ترقی کو محدد کرنا ہے اس لئے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرائنی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے بطور صدر ان کا پہلا کام یوکرائن جنگ سے نمٹنا، فوج کو مضبوط بنانا اور دفاع کو بہتر بنانا ہے۔

مزیدخبریں