لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس عاصم حفیظ نے پراپرٹی ٹیکس سے متعلق آئینی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی طرف سے حسن مجید ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے درخواستگزار کو 39 لاکھ پراپرٹی ٹیکس کا نوٹس دیا ہے، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار ہی نہیں رہا، سندھ ہائیکورٹ بھی کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے کا اختیار کالعدم کرچکی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ آئینی پابندی اور عدالتی فیصلوں کے باوجود لاہور کنٹونمنٹ بورڈ پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسز جاری کر رہا ہے، عدالت لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کا پراپرٹی ٹیکس طلبی کا نوٹس اور اختیار کالعدم قرار دے۔بعدازاں عدالت نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کرنے سے روکتے ہوئے درخواست پر حکم امتناع جاری کردیا ۔لاہور ہائیکورٹ نے چیف ایگزیکٹو کنٹونمنٹ بورڈ سمیت دیگر فریقین کو 2ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔